بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر نیب پراسیکیوشن کے دلائل مکمل

July 02, 2024

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر قومی احتساب بیورو (نیب) پراسیکیوشن نے دلائل مکمل کرلیے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت ہوئی، اس دوران پراسیکیوٹر جنرل نے دلائل دیے کہ بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے اس لیے درخواست نہیں بنتی۔

پراسیکیوٹر جنرل نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں، 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں۔

پراسیکیوٹر جنرل نے یہ بھی کہا کہ 31 اکتوبر 2023 کو بھی کہا تھا کہ بشری بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے۔

دوسری طرف سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے عبوری ضمانت کی درخواست پر دلائل دیے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عبوری ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ مختصر وقفے کے بعد بشری بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔