یورو کپ، مخصوص انداز میں جشن منانے پر ترک کھلاڑی کو تحقیقات کا سامنا

July 04, 2024

ترک کھلاڑی گول کے بعد مخصوص انداز میں جشن منا رہے ہیں

یورو فٹ بال چیمپئن شپ میں ترکیہ کے فٹبالر کی جانب سے مخصوص انداز میں جشن منانے پر تحقیقات شروع کردی گئیں۔

میریہ ڈیمیریل نے راؤنڈآف 16 میں آسٹریا کے خلاف 2 گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی تھی، کھلاڑی نے ’بھیڑیے کی سلامی‘ کے نام سے مشہور اشارہ کرتے ہوئے جشن منایا تھا۔

’بھیڑیے کی سلامی‘ کے نام سے مشہور اس مخصوص اشارے کا تعلق ترکیہ کے دائیں بازو کے انتہا پسند گروپ ’گرے وولوز‘ سے ہے۔

جرمنی کی وزیر داخلہ نے بھی آسٹریا کے خلاف ترکیہ کی جیت کے بعد ترک کھلاڑی میریہ ڈیمیرل کی جانب سے مخصوص انداز میں جشن منانے کی مذمت کی ہے۔

جرمن وزیر داخلہ نینسی فیسر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں لکھا کہ ترک دائیں بازو کے انتہا پسندوں کی علامتوں کی ہمارے اسٹیڈیم میں کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کو نسل پرستی کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنے کی بالکل اجازت نہیں دی جائے گی، امید ہے کہ UEFA اس معاملے کی تحقیقات کرے گا اور پابندیوں پر غور کرے گا۔

واضح رہے کہ ترک ٹیم نے یورپی فٹ بال چمپین شپ کے آخری 16 راؤنڈ میچ میں آسٹریا کو 1-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔