پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم

July 12, 2024

سپریم کورٹ یو ٹیوب لائیو اسٹریمنگ گریب

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13 رکنی فل کورٹ بینچ نے فیصلہ سنایا۔

فل کورٹ بینچ میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس اطہر من اللّٰہ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان بھی شامل تھے۔

فیصلہ 8 ججز کی اکثریت سے آیا

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ یہ فیصلہ 8 کی اکثریت کا ہے، جو جسٹس منصور علی شاہ نے لکھا ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللّٰہ، جسٹس شاہد وحید، جسٹس منیب اختر، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عرفان سعادت کی جانب سے اکثریتی فیصلہ دیا گیا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس امین الدین خان نے درخواستوں کی مخالفت کی۔

جسٹس منصور نے فیصلہ سنایا

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ جسٹس منصور علی شاہ سے کہوں گا کہ وہ فیصلہ سنائیں۔

جس کے بعد جسٹس منصور علی شاہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نشان کا نہ ملنا کسی سیاسی جماعت کو انتخابات سے نہیں روکتا، پاکستان تحریکِ انصاف ایک سیاسی جماعت تھی اور ہے۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کے حصول کی حق دار ہے، تحریکِ انصاف اس فیصلے کے 15 روز میں اپنے مخصوص افراد کی نشستوں کے نام کی فہرست دے۔

سپریم کورٹ نے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دے دیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب، خیبر پختون خوا اور سندھ میں مخصوص نشستیں پی ٹِی آئی کو دے دی جائیں۔

سپریم کورٹ نے تحریکِ انصاف کو پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں بطور جماعت قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی اپیلیں مسترد کر دیں۔

عدالتِ عظمیٰ نے فیصلے میں کہا ہے کہ دیگر 41 امیدوار بھی 14 دن میں سرٹیفکیٹ دے سکتے ہیں کہ وہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار تھے، سنی اتحاد کونسل آئین کے مطابق مخصوص نشستیں نہیں لے سکتی، پی ٹی آئی بطور سیاسی جماعت قانون اور آئین پر پورا اترتی ہے، الیکشن کمیشن نے 80 اُمیدواروں کا ڈیٹا جمع کروایا، انتخابی نشان ختم ہونے سے کسی جماعت کا الیکشن میں حصہ لینے کاحق ختم نہیں ہوتا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی بحیثیت جماعت مخصوص نشستیں حاصل کرنے کی قانونی و آئینی حق دار ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے منتخب ارکان پی ٹی آئی کا حلف نامہ دیں، جن امیدواروں نے سرٹیفکیٹ دیا کہ وہ پی ٹِی آئی سے ہیں وہ ایسا ہی رہے گا، پی ٹی آئی کے منتخب امیدواروں کو کسی اور جماعت کا یا آزاد امیدوار قرار نہیں دیا جا سکتا، فیصلے میں جسٹس یحییٰ آفریدی کا اختلافی نوٹ بھی شامل ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے ارکان کو نکال کر فیصلہ دیا، اس بنیاد پر پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے، الیکشن کمیشن نے غلط طور پر پی ٹی آئی کے امیدواروں کو آزاد ڈیکلیئر کیا، پی ٹی آئی نے آزاد قرار دیے جانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج ہی نہیں کیا، الیکشن کمیشن نے اپنی ذمے داری پوری نہیں کی، الیکشن کمیشن دوبارہ مخصوص نشستوں کی تقسیم کرے، اب پی ٹی آئی کے منتخب ارکان یا خود کو آزاد یا پی ٹی آئی سے تعلق ڈیکلیئر کریں، پی ٹی آئی ارکان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہونا چاہیے۔

اقلیتی فیصلہ جسٹس امین نے پڑھا

اقلیتی فیصلہ جسٹس امین الدین نے پڑھ کر سنایا۔

اقلیتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے خلاف سنی اتحاد کونسل کی درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کامیاب امیدواروں کی فہرست اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 27 جون کو الیکشن کمیشن نے ایک آرڈر پیش کیا، اس دستاویز میں کہا گیا کہ کچھ کاغذاتِ نامزدگی ایسے تھے جن کی پارٹی وابستگی تھی۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کا اختلافی نوٹ

فیصلے کے ساتھ جسٹس یحییٰ آفریدی کا اختلافی نوٹ بھی سامنے آیا ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے اختلافی نوٹ میں کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کی اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں۔

اختلافی نوٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل آئین کے مطابق مخصوص نشستیں نہیں لے سکتی۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کا اختلافی نوٹ میں کہنا ہے کہ پی ٹی آئی بطور سیاسی جماعت قانون اور آئین پر پورا اترتی ہے۔

اختلافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی بحیثیت جماعت مخصوص نشستیں حاصل کرنے کی قانونی و آئینی حق دار ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کے اختلافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو اسی تناسب سے مخصوص نشستیں دی جائیں۔

اختلافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ امیدوار جنہوں نے دوسری پارٹیاں جوائن کیں انہوں نے عوام کی خواہش کی خلاف ورزی کی۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے اختلافی نوٹ میں کہا ہے کہ وہ امیدوار جنہوں نے سرٹیفکیٹ دیے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی سے ہیں انہیں پی ٹی آئی کا امیدوار قرار دیا جائے۔

فیصلہ لائیو نشر

فیصلہ لائیو نشر کیا گیا، اس حوالے سے سپریم کورٹ کی جانب سے اس حوالے سے کاز لسٹ جاری کی گئی تھی۔

فیصلہ سنانے سے قبل سپریم کورٹ کا کمرہ نمبر 1 کھول کر فل کورٹ بینچ کے لیے 13 کرسیاں لگائی گئی تھیں۔

فیصلہ سنائے جانے کے وقت اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر، آزاد امیدواروں کے وکیل سلمان اکرم راجہ کمرۂ عدالت میں موجود تھے۔

سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کے کیس میں کب کیا ہوا؟

سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے رواں برس 21 فروری کو الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی۔

28 فروری کو الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کیا۔

4 مارچ کو الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست پر 1-4 کے تناسب سے فیصلہ سنایا۔

6 مارچ کو سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے لیے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

14 مارچ کو پشاور ہائی کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے لیے دائر درخواستیں خارج کر دیں۔

پشاور ہائی کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے متفقہ طور پر سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف درخواست کو مسترد کیا۔

2 اپریل کو مخصوص نشستوں کے لیے سنی اتحاد کونسل نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی۔

6 مئی کو جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کر دیا۔

3 رکنی بینچ نے آئینی معاملہ ہونے کے باعث لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ ججز کمیٹی کو بھیج دیا۔

31 مئی کو سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس کی سماعت کے لیے 13 رکنی فل کورٹ تشکیل دیا گیا۔

فل کورٹ نے 3 جون کو سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی پہلی سماعت کی۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13 رکنی فل کورٹ بینچ نے منگل 9 جولائی کو کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد فُل کورٹ ججز کے 2 مشاورتی اجلاس مسلسل 2 روز 10 اور 11 جولائی کو چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں ہوئے۔

سنی اتحاد کونسل کا مؤقف

دورانِ سماعت سنی اتحاد کونسل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مجموعی طور پر 77 متنازع نشستیں ہیں، یہ 77 مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو ملنی چاہیے تھیں مگر دیگر جماعتوں کو ملیں، 77 نشستوں میں قومی اسمبلی کی 22 اور صوبائی اسمبلیوں کی 55 نشستیں شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد 77 متنازع مخصوص نشستوں کو معطل کر دیا تھا۔

کس جماعت کو کتنی اضافی مخصوص نشستیں ملیں؟

کُل77 متنازع نشستوں میں سے 22 قومی اور 55 صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستیں ہیں۔

الیکشن کمیشن پاکستان نے 13مئی کے نوٹیفکیشن کے ذریعے ان نشستوں کو معطل کر دیا تھا۔

قومی اسمبلی کی معطل 22 نشستوں میں پنجاب سے خواتین کی 11، خیبر پختون خوا سے 8 سیٹیں شامل ہیں۔

قومی اسمبلی میں معطل نشستوں میں 3 اقلیتی مخصوص نشستیں بھی شامل ہیں۔

قومی اسمبلی میں ن لیگ کو 14، پیپلز پارٹی کو 5، جے یو آئی ف کو 3 اضافی نشستیں ملی تھیں۔

خیبر پختون خوا اسمبلی میں 21 خواتین اور 4 اقلیتی مخصوص نشستیں معطل ہیں جن میں سے جے یو آئی ف کو 10، مسلم لیگ ن کو 7، پیپلز پارٹی کو 7، اے این پی کو 1 اضافی نشست ملی تھی۔

پنجاب اسمبلی میں 24 خواتین کی مخصوص نشستیں اور 3 اقلیتی نشستیں معطل ہیں، جن میں سے ن لیگ کو 23، پیپلز پارٹی کو 2، پی ایم ایل ق اور استحکامِ پاکستان پارٹی کو ایک ایک اضافی نشست ملی تھی۔

سندھ اسمبلی سے 2 خواتین کی مخصوص نشستیں اور 1 اقلیتی نشست معطل ہیں جہاں پیپلز پارٹی کو 2 اور ایم کیو ایم کو 1 مخصوص نشست ملی تھی۔