پنجاب بھر میں آٹے کی سپلائی بحال ہو گئی: سیکریٹری فوڈ

July 14, 2024

—فائل فوٹو

سیکریٹری فوڈ پنجاب معظم اقبال کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں آٹے کی سپلائی بحال ہو گئی ہے، آٹے کی گرائنڈنگ کا عمل جاری ہے، محکمۂ خوراک پنجاب کے تمام افسران چھٹی کے باوجود فیلڈ کارروائیاں جاری رکھیں۔

سیکریٹری فوڈ پنجاب معظم اقبال نےتمام ڈویژنل افسران کے ساتھ ویڈیو لنک اجلاس کیا۔

انہوں نے فلور ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے بعد مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی اور قیمتوں کی نگرانی پر رپورٹ طلب کر لی۔

معظم اقبال نے ہدایت کی کہ آٹے کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کرنے والے آٹا ڈیلرز اور ریٹیلرز کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں۔

سیکریٹری فوڈ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ محرم الحرام کے پیشِ نظر مارکیٹ میں آٹے کے اسٹاک کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور آٹے کے معیار اور وزن پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔