امریکہ میں تعینات ہونیوالے نئے سفیر کاسی بی ڈی کا دورہ

July 15, 2024

لاہور(خبرنگار)امریکہ میں نئے تعینات ہونے والے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا۔ دورہ کا مقصد سی بی ڈی پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راٖغب کرنااور پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ پاکستانی کے سفیر کے ساتھ ممتاز کاروباری شخصیت طاہر جاوید بھی تھے۔ سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین نے اتھارٹی کے منصوبے کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔ رضوان سعید شیخ نے کہا سی بی ڈی پنجاب کے اقدامات خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتے ہیں۔ یہ منصوبے علاقائی ترقی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کی کشش میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ سی ای او عمران امین نے امریکہ میں پاکستانی سفیر کی جانب سے ملنے والی پذیرائی پر اطمینان اور فخر کا اظہار کیا۔ انکا کہنا تھا کہ، ہمارے سفیر کی جانب سے پذیرائی حوصلہ افزا ہے۔