تحریک انصاف پر پابندی لگانا قانون کے مطابق نہیں، تجزیہ کار

July 16, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی پر پابندی لگانےکے حکومتی فیصلے پر جیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کاروں ،سیاسی رہنمائوں اور ماہرین قانون نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانا قانون کے مطابق نہیں ہے قانون میں اس کی کسی قسم کی گنجائش نہیں ہے، تحریک انصاف پر پابندی کا فیصلہ بظاہر ایسا نظر آرہا ہے کہ کل جو مری میں میٹنگ ہوئی تھی اس میں ہوا ، یہ خبر جو آج حکومت نے بنا دی ہے کل یہ ان کے ہی گلے پڑے گی کیوں کہ اس کے نفاذ کے لیے سپریم کورٹ جانا پڑے گا.

حکومت کی لڑائی اب تحریک انصاف تک محدود نہیں رہی ہے اب حکومت جوڈیشری سے لڑ رہی ہے،میں نہیں سمجھتا پیپلز پارٹی تحریک انصاف پر پابندی کی حمایت کرے گی خصوصی نشریات میں تجزیہ کار حامد میر ،ماہر قانون اور رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر علی ظفر،تجزیہ کار شاہزیب خانزادہ ،شہزاد اقبال ،مظہرعباس ،ماہرقانون حافظ احسان اور رہنما اے این پی میاں افتخار نے اظہار خیال کیا۔

صحافی اور تجزیہ کارحامد میر نے کہاکہ یہ بات غیر متوقع نہیں ہے چونکہ اس سے پہلے بھی حکومت کہہ چکی ہے کہ پی ٹی آئی اور وہ ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے جبکہ پابندی کی بھی بات ہوچکی ہے۔