آج 10 دہشتگردوں کا خاتمہ ہوا، اس ناسور کو جلد جڑ سے ختم کیا جائے گا: وزیرِ اعلیٰ سندھ

July 16, 2024

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ--- فائل فوٹو

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آج 10 دہشت گردوں کا خاتمہ ہوا، اس ناسور کو جلد جڑ سے ختم کیا جائے گا۔

سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر مراد علی شاہ نے کہا کہ بنوں کینٹ حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے ہیروز اور ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، دہشت گرد کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی بنوں میں دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بہادری کے ساتھ دہشتگرد حملے کو ناکام بنایا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے بنوں بڑی تباہی سے بچ گیا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔

واضح رہے کہ بنوں چھاؤنی پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 8 بہادر جوان شہید ہو گئے ہیں جبکہ 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 جولائی کی صبح 10 دہشت گردوں کے گروپ نے بنوں چھاؤنی پر حملہ کیا تو سیکیورٹی فورسز نے ان کی چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔