بنوں چھاؤنی حملے کے بہادر شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، وزیرِ اعظم

July 16, 2024

وزیراعظم محمد شہباز شریف---- فائل فوٹو

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بنوں چھاؤنی حملے میں شہید ہونے والے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے بنوں چھاؤنی میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پروزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بہادر جوانوں نے جان دے کر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ خاک میں ملایا اور 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں نے دہشت گردی کی سازش کو ناکام بنایا، دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے پر سیکیورٹی فورسز کی جرأت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور ہم سب شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ دشمن پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کررہا ہے، اتحاد و اتفاق کی قوت سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی بنوں میں دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین کیا۔

اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہادتیں ہمارے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔

گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

واضح رہے کہ بنوں چھاؤنی پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 8 بہادر جوان شہید ہو گئے جبکہ 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 جولائی کی صبح 10 دہشت گردوں کے گروپ نے بنوں چھاؤنی پر حملہ کیا تو سیکیورٹی فورسز نے ان کی چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔