پاکستان مارچ یا اپریل میں ساؤتھ ایشین گیمز کرانے کا خواہش مند

July 17, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اگلے سال فروی میں آئی سی سی چیمپئنزٹرافی کی وجہ سے پاکستان سائوتھ ایشین گیمز کی میزبانی مارچ یا اپریل میں کرانے کا خواہش مند ہے،پی او اے ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ ساؤتھ ایشین اولمپک کونسل نے پاکستان کو فروری میں ایونٹ کی میزبانی کے لئے گرین سگنل دے دیا ہے،تاہم ان دنوں میں پاکستان چیمپئنزٹرافی کر کٹ کی میزبانی کرے گا جس کے لئے لاہور اور اسلام آباد اہم سینٹرز ہوں گے،اس لئے ساؤتھ ایشین اولمپک کونسل سے گیمز اپریل تک کرانے کی درخواست کی ہے، مالی مشکلات اور مقابلوں کے لئے ایونٹ کے مقامات کی تزئین و آرائش کا کام بھی چھ سے سات ماہ میں مکمل نہیں ہوسکے گا، حکومت نے سائوتھ ایشین گیمز کے لئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم امکان ہے کہ حکومت ان مقابلوں کو آگے بڑھانے کی درخواست کرے گی، پاکستان نے یکم سے12فروری تک سائوتھ ایشین گیمز کرانے کی تجویز دی ہے،سائوتھ ایشین گیمز کے لئے لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد اور پنڈی کا انتخاب کیا گیا ہے،دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ساؤتھ ایشین اولمپک کونسل ان مقابلوں کو آئندہ سال 25جنوری سے8فروری تک کرانے کی خواہش مند ہے،پی او اے لاہورمیں تیر اندازی، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، باکسنگ، فینسنگ، فٹ بال، گالف، ہاکی، جوڈو، کبڈی، کراٹے، رگبی، شوٹنگ، تیراکی، تائیکوانڈو، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ اور کرکٹ، اسلام آباد میں اتھلیٹکس، روئنگ،راولپنڈی میں اسکواش، ٹیبل ٹینس، ٹینس، والی بال، ووشو، بلیئرڈ، ا سنوکر اور ٹرائیتھلون، فیصل آباد میں ہینڈ بال مقابلے کرانے پر غور کررہی ہے،ان مقابلوں میں شر کت کے لئے سات ملکوں کے ساڑھے چار ہزار کے لگ بھگ مرد،خواتین کھلاڑی اورآفیشلز پاکستان آئیں گے۔