بانی پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی 6 درخواستوں پر سماعت 30 جولائی تک ملتوی

July 18, 2024

فائل فوٹو

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست پر سماعت 30 جولائی تک ملتوی کردی۔

ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے کی، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل کو بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک یا فزیکل حاضری کی ہدایت کی۔

پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے عدالت میں کہا کہ بیرسٹر سلمان صفدر لاہور ہائیکورٹ میں ایک کیس میں مصروف ہیں، ضمانت کی درخواستوں پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کی جائے۔

جج افضل مجوکہ نے کہا کہ جلدی سماعت نہیں رکھی جاسکتی، سماعت چھٹیوں کے بعد ستمبر تک ملتوی ہوگی،

خالد یوسف چوہدھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ آئندہ ہفتے رکھ لیں، بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دینے ہیں۔

جج افضل مجوکہ کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے تو کیسز کا کافی رش ہے۔

بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر ضمانت کی درخواستوں پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 30 جولائی تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی پر تھانہ ترنول میں2، رمنا، سیکریٹریٹ،کوہسار اور کراچی کمپنی تھانوں میں ایک ایک مقدمہ ہے جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں توشہ خانہ جعلی رسیدوں کا مقدمہ درج ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے خلاف جعلی رسیدوں کا ایک اور 5 مقدمات 9 مئی واقعات کے درج ہیں۔