ہر ایک کو بڑھتی عمر کا خوف ہوتا ہے: فواد خان

July 18, 2024

--- فائل فوٹو

پاکستانی سُپر اسٹار، عالمی شہرت یافتہ اداکار فواد خان کا کہنا ہے کہ بڑھتی عمر کا خوف ہر ایک کو ہوتا ہے لیکن میں کم عمری سے ہی اس بات سے بخوبی واقف ہوں کہ زندگی کبھی ایک سی نہیں رہتی۔

رواں سال نومبر میں فواد خان اپنی زندگی کی 43 بہاریں دیکھ لیں گے، انڈسٹری میں کئی نوجوان اور خوبرو اداکاروں کے آنے کے باوجود فواد خان کی جگہ کوئی نہیں لے سکا۔

حال ہی میں انہوں نے الخلیج ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنی آنے والی ویب سیریز ’برزخ‘ کے حوالے سے گفتگو کی اور کہا کہ برزخ میں جیسا میرا کردار ہے، اس کے لیے ظاہر خوبصورتی اتنی اہمیت نہیں رکھتی، ایسے کردار کے لیے اداکار کو اداکاری آنا ضروری ہے۔

بڑھتی ہوئی عمر کس طرح ایک اداکار کو متاثر کر سکتی ہے، اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپاٹ لائٹ میں ہونے کی وجہ سے انڈسٹری کی خواتین ہی نہیں بلکہ مردوں پر بھی ظاہری خوبصوری کو لیکر دباؤ رہتا ہے،

انہوں نے کہا کہ ایسے پراجیکٹس جس میں روایتی رومانوی کرداروں، ظاہری خوبصوری پر اداکاری کو ترجیح دی جاتی ہے وہ ایک نئی کرن کی طرح ہوتے ہیں۔

اداکار کے مطابق صرف انڈسٹری میں ہی نہیں بلکہ انڈسٹری سے باہر بھی کئی لوگ ظاہری خوبصورتی پر بڑھتی عمر کے مرتب ہونے والے اثرات سے پریشان ہوتے ہیں۔

فواد خان کے مطابق وہ اس حوالے سے پہلے ہی محتاط ہیں اور کم عمری سے ہی جانتے ہیں کہ زندگی ہمیشہ ایک سی نہیں رہتی۔

انہوں نے معین اختر، جنید جمشید، اور مائیکل جیکسن جیسے اپنے پسندیدہ فنکاروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ چاہے آپ انہیں ذاتی طور پر جانتے ہوں یا نہیں، ان کی غیر موجودگی نے ایک خلا چھوڑ دیا ہے کیونکہ انہوں نے زندگی کے کسی نہ کسی مقام پر آپ کو متاثر کیا اور اب وہ اس دنیا میں نہیں ہیں۔

اداکار کے مطابق ہم نے صرف ان فنکاروں کو نہیں کھویا بلکہ گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ ان کی یادیں بھی ختم ہوجائیں گی۔

فواد خان نے بڑھتی عمر کے خوف کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے دوسروں کی طرح بڑھتی عمر کا خوف ظاہری خوبصورتی کے ڈھل جانے کی وجہ سے نہیں ہے بلکہ اس لیے ہے کیونکہ جیسے جیسے ہماری عمر بڑھتی ہے تو ہمیں اپنے پیاروں کی فکر ہونے لگتی ہے کہ جب آپ اس دنیا سے چلے جائیں گے تو ان کا کیا بنے گا۔