دھوتی پہنے شخص کو مال سے باہر نکالنے پر گوہر خان کا شدید ردعمل

July 18, 2024

شاپنگ مال کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے، گوہر خان - فوٹو: فائل

بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور میں روایتی دھوتی کرتا پہنے شخص کو شاپنگ مال سے باہر نکالنے کے واقعے پر اداکارہ گوہر خان نے شدید ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

بنگلورو میں فقیراپا نامی ایک 70 سالہ کسان کو منگل کی شام روایتی لباس کی وجہ سے شاپنگ مال سے باہر نکال دیا گیا تھا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے کے بعد عوام میں بھی غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

تاہم اس واقعے کی مذمت کرنے والوں میں اداکارہ اور ماڈل گوہر خان بھی شامل ہیں جنہوں نے بنگلورو کے اس شاپنگ مال پر تنقید کرتے ہوئے واقعے کو شرمناک قرار دیا۔

گوہر خان نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اسٹوری پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے پیغام لکھا کہ ’یہ بالکل شرمناک ہے۔ شاپنگ مال کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ یہ بھارت ہے اور ہمیں اپنی ثقافت پر فخر ہونا چاہیے۔‘

فوٹو بشکریہ گوہر خان/ انسٹاگرام

اس کسان کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کے ساتھ فلم دیکھنے کے لیے مال گیا تھا۔