پی ٹی آئی پر پابندی حکومت کے خاتمے کا کاؤنٹ ڈاؤن ہو گا، چیئرمین پی ٹی آئی

July 18, 2024

اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمینبیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی حکومت کے خاتمے کا کاؤنٹ ڈاون ہو گا، حکومت کے پاس آپشن ختم ہو گئے، بوکھلاہٹ میں ایسی باتیں کی جا رہی ہیں۔

پارلیمنٹ کے باہر پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہایڈہاک ازم کے لیے 4 ججز کو تین سال کے لیے لایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کو لگانا بدنیتی پر مبنی فیصلہ ہے، اقدام مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر مِن و عَن عمل کرانا چیف جسٹس کی ذمے داری ہے، تحفظات تحریری طور پر سپریم جوڈیشل کونسل میں بھیج رہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 37 ایم این ایز کے حلف نامے الیکشن کمیشن کو بھیج رہے ہیں، پی ٹی آئی رکنیت کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ 56 ہزار کیسز زیر التوا ہیں، 3 اور 4 ججز لگانے سے یہ کیسز ختم نہیں ہوں گے، مقصد یہ ہے کہ اپنے ہم خیال ججز کو اپنے ساتھ لگایا جائے۔

عمر ایوب کا کہنا ہے کہ سیاسی ورکرز اور وکلاء برادری اس کو مسترد کرتی ہے، ایڈہاک ججز کے حوالے سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے گزارش ہے یہ ججز ہمارے کیسز نہ سنیں۔