190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں اعظم خان کا ریکارڈ بیان سامنے آگیا

July 18, 2024

فائل فوٹو

190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کا ریکارڈ بیان سامنے آگیا۔

اعظم خان نے بیان میں کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق معاملے کو کابینہ میں پیش کیا گیا تھا، شہزاد اکبر اپنا دستخط شدہ ایک نوٹ میرے پاس لے کر آئے تھے، نوٹ خفیہ معاہدے پر دستخط کا معاملہ کابینہ میں لانے کے لیے وزیرِ اعظم کی منظوری لینے کا تھا۔

بیان میں اعظم خان نے کہا کہ شہزاد اکبر نے کہا بانی نے نوٹ کو کابینہ میں پیش کرنے کی اجازت دے دی ہے، وزیرَ اعظم سے اس کی تصدیق کے بعد فائل کابینہ سیکریٹری کو بھیج دی تھی۔

اعظم خان کا کہنا ہے کہ کابینہ سیکریٹری سے جب معاملے پر بات ہوئی وہ میرے دفتر میں موجود تھے، میں نے اس معاملے پر کابینہ میں شرکت نہیں کی تھی، میں وفاقی کابینہ میں ہونے والی اس معاملے پر بحث سے آگاہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اگست 2018ء سے اپریل 2022ء تک پرنسپل سیکریٹری کے طور پر تعینات رہا، معاہدے پر ہونے والے دستخط کو میں نے پہچان لیا تھا، معاہدے کے ساتھ ایک خفیہ تحریر موجود تھی، جس سے متعلق بتایا نہیں گیا۔

اعظم خان نے 13 جولائی کو احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ کے روبرو بیان ریکارڈ کروایا تھا جبکہ 20 جولائی کو وکلاء صفائی اعظم خان کے بیان پر جرح کریں گے۔