پاکستان اور چین کے تعلقات غیرمعمولی اور مثالی ہیں، آرمی چیف

July 18, 2024

فوٹو: سوشل میڈیا

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات غیرمعمولی اور مثالی ہیں۔ پاکستان میں چینی سفیر کا کہنا ہے کہ کوئی بھی طاقت پاک چین دوستی اور افواج کے درمیان بھائی چارہ ختم نہیں کر سکتی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی 97ویں سالگرہ کے سلسلے میں جی ایچ کیو راولپنڈی میں تقریب منعقد کی گئی جس میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈانگ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پیپلز لبریشن آرمی کو مبارکباد دی جبکہ آرمی چیف نے چین کے دفاع، سیکیورٹی اور قومی ترقی میں پی ایل اے کی خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک چین تعلقات غیر معمولی اور مثالی ہیں۔ پاکستان اور چین نے ہمیشہ باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کی حمایت پر غیرمتزلزل اعتماد کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین نے باہمی اعتماد سے اسٹریٹجک ماحول کے اتار چڑھاؤ کا سامنا کیا ہے۔ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں ہمیشہ آگے رہی ہے۔

فوٹو: سوشل میڈیا

اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کےلیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ دہشت گردی سے نمٹنے کےلیے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔

چینی سفیر نے کہا کہ کوئی بھی طاقت پاک چین دوستی اور افواج کے درمیان بھائی چارہ ختم نہیں کر سکتی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں چین کے دفاعی اتاشی، چینی سفارتخانے کے حکام اور مسلح افواج کے افسران نے بھی شرکت کی۔