بائیڈن پر دستبرداری کیلئے اپنوں کا دباؤ، متبادل کی تلاش شروع

July 19, 2024

نیویارک (تجزیہ/ عظیم ایم میاں) ڈیمو کریٹک امریکی صدر جو بائیڈن پر آئندہ میعاد سے دستبرداری کیلئے اپنوں کا دباؤبڑھ گیا ہے اور متبادل صدارتی امیدوار کی تلاش شروع کردی گئی ہے ، ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن سے قبل صدارتی امیدوار واضح ہو جائے گا، تاہم ٹرمپ کے جیتنے کی راہ ہموار دکھائی دینے لگی۔

امریکا کی انتخابی سیاست نہ صرف زوروں پر ہے بلکہ تاریخی اور انقلابی ماحول کی زد میں بھی ہے۔

ڈیموکریٹ امریکی صدر بائیڈن پر خود ان کی اپنی ڈیموکریٹک پارٹی کی لیڈر شپ کا دبائو بڑھ گیاہے کہ وہ اپنی صحت اور ضعیف العمری کے منفی اثرات کے باعث دوسری چار سالہ میعاد صدارت کی امیدواری سے دستبردار ہوجائیں۔

کورونا میں مبتلا صدر بائیڈن نے بھی مزاحمت کی حکمت عملی چھوڑ کر مشروط انداز میں اپنی پارٹی لیڈرشپ کے مطالبہ کو ماننے پر آمادگی کاظہار کردیا ہے اگلے ماہ 19؍ اگست کو شکاگو میں ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن 2024ء میں صدارتی امیدوار کی نامزدگی سے قبل ہی یہ واضح ہوجائے گا کہ ڈیموکریٹک پارٹی کا صدارتی امیدوار کون ہوگا۔

پارٹی کنونشن سے اتنے قریبی ایام میں یہ صورتحال انتخابات کے لحاظ سے ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواروں کیلئے منفی اثرات کی حامل ہے جبکہ بائیڈن کے مخالف ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ قاتلانہ حملے سے بچنے کے ساتھ ساتھ نہ صرف اپنی پارٹی میں اپنی مخالفت کا خاتمہ کرکے بائیڈن سے پہلا مباحثہ جیتنے اور بائیڈن کی صحت اور مقبولیت کے منفی اثرات اور کمی کو اجاگر کرکے اب ری پبلکن پارٹی کے کنونشن سے متفقہ نامزدگی قبول کرکے اپنی عوامی مقبولیت میں بھی مزید اضافہ کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔