پنجاب کا انگریز دور کے قانون بدلنے کیلئے وفاق کو سفارشات بھجوانے کا فیصلہ

July 19, 2024

لاہور(آصف محمود بٹ ) پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈیڑھ سو سال پرانے کوڈ آف کریمنل پروسیجر(سی آر پی سی)1898ء، تعزیرات پاکستان ( پی پی سی، سابقہ انڈین پینل کوڈ)1860ءاور کوڈ آف سول پروسیجر (سی پی سی)1908ء کو 1973 کے پاکستان کے آئین دیئے گئے حقوق کے مطابق نئے سرے سے لکھنے کے لئے سفارشات وفاق کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ سی آر پی سی ، پی پی سی اور سی پی سی تاریخی طور اہم ترین قوانین ہیں جن کی عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے بہت اہمیت ہے ۔ ان قوانین کو از سر نو لکھنے کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ کنٹونمنٹ ایکٹ 1924کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اسے 2002ء میں آرڈنینس کی صورت میں دوبارہ بحال کیا گیا۔ اسی طرح کچھ قوانین 1947ء سے بنے تھے جن میں آئے دن اپ گریڈیشن کی جاتی رہی لیکن اب ان قوانین کو اپ ڈیٹ کرنے میں مسائل آرہے ہیں۔