نامزدگی کے بعد ٹرمپ کا لہجہ تبدیل‘صلح جوئی پر مبنی حکمت عملی

July 20, 2024

نیویارک (تجزیہ : عظیم ایم میاں) ری پبلکن پارٹی کے کنونشن سے صدارتی امیدوارکی نامزدگی حاصل کرنے کے بعد خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا لہجہ‘ حکمت عملی اور عوام سے وعدوں کا اندازان کی شخصیت اور عوامی امیج سے قدرے مختلف تھا۔ٹرمپ اس بار تبدیل شدہ نظرآرہے تھے ۔

انہوں نے یوکرین جنگ ختم کرنے کا وعدہ اور امریکا سے غربت مٹانے کا عزم ظاہرکیاجبکہ اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی کا بھی مطالبہ کیا۔

ان کے لہجہ میں جارحیت، مخالفانہ طنز اور سرمایہ دارانہ انداز اور جماعتی انداز کی بجائے ملک اور قوم کو متحد کرنے اور اپنے حامیوں کے ساتھ ساتھ اپنے سیاسی مخالفین امریکیوں کے بھی صدر کہلوانے کی صلح جوئی پر مبنی حکمت عملی کے الفاظ اور نرم ادائیگی کارفرما تھی۔

انہوں نے کوئی نئی جنگ نہ چھیڑنے کا ذکر کئے بغیر یو کرین کی جنگ ختم کرنے کا ذکر بھی کیا۔

غزہ کی جنگ کے بارے میں خاموشی کا لہجہ تھا البتہ حماس کو اسرائیلی یرغمالیوں کو واپس کرنے کا پرزور مطالبہ ضرور کیا اور غزہ کی جنگ کو بائیڈن حکومت کی ذمہ داری قرار دیا۔