ٹیکسٹائل انڈسٹری کا برآمدات پر ٹیکس، ایس آر او 350 کے اجراء پر شدید احتجاج

July 20, 2024

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ٹیکسٹائل انڈسٹری نے برآمدات پر بڑے پیمانے پر ٹیکس لگانے اور حکومت کی جانب سے ایس آر او 350 کے اجراء پر یہ کہتے ہوئے احتجاج کیا ہے کہ یہ اقدامات ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے اور مجموعی معیشت کے لیے شدید نقصان دہ ہیں۔ ان میں ایکسپورٹرز پر ٹیکس میں اضافہ، ایکسپورٹ مینوفیکچرنگ کے لیے مقامی سپلائیز پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ کو واپس لینا اور ایس آر او 350(1)/2024 سے متعلق مسائل شامل ہیں جو صنعت کو وزیر اعظم کی ذاتی یقین دہانی کے باوجود حل نہیں کیے گئے ہیں۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اے پی ٹی ایم اے) نے وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک کو لکھے گئے خط میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے ساتھ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے میٹنگ کرنے پر زور دیا ہے تاکہ ملک میں صنعتی عدم استحکام کو روکا جاسکے۔