ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اکثر نظر آنے والی وکیل کون ہے؟

July 20, 2024

تصاویر: اسکرین گریب بشکریہ امریکی میڈیا

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ قانونی معاملات کے علاوہ عام اوقات اور تقریبات میں اکثر ایک خاتون وکیل ان کے ساتھ دکھائی دیتی ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اس خاتون وکیل نے ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے بعد وسکونسن میں ریپبلکن پارٹی کے کنونشن میں بھی اظہارِ خیال کیا تھا جہاں سابق صدر خود بھی موجود تھے۔

خاتون وکیل نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریپبلکن امیدوار پر حملے نے انہیں مزید مضبوط بنادیا ہے، بے بنیاد الزامات ہمیں آگے بڑھنے سے نہیں روکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جو واحد جرم کیا ہے وہ امریکا سے محبت ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست نیو جرسی سے تعلق رکھنے والی وکیل الینا حبہ کے والدین عراقی ہیں جو ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت حامیوں میں سے ایک ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابقالینا حبہ 25 مارچ 1984ء کو عراقی والدین کے ہاں پیدا ہوئی تھیں، بعدازاں ان کے والدین امریکی ریاست نیو جرسی ہجرت کر گئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الینا حبہ کے والد سعد حبہ معدے کے سرجن ہیں۔

عراقی نژاد وکیل الینا حبہ سابق امریکی صدر ٹرمپ کی قانونی ٹیم کا حصہ ہیں جنہوں نے حال ہی میں فحش اداکارہ کو خاموش رہنے کے لیے رقم دینے کے کیس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے دفاع میں دلائل بھی دیے تھے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق الینا حبہ کی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ تصاویر بھی موجود ہیں جس سے ان کے تعلقات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔