کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا

July 20, 2024

فائل فوٹو

کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کے بعد گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔

گلشن حدید، ملیر، کورنگی، لانڈھی، صدر، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد اور مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔

سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، سہراب گوٹھ، کلفٹن، ڈیفنس، لیاری سمیت ملحقہ علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

بارش کے بعد کئی سڑکوں پر پانی بھی جمع ہوگیا جس سے وقتی طور پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کو شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ اتوار کو بھی شام یا رات میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

اتوار اور پیر کو درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواؤں کا سلسلہ سندھ میں مسلسل داخل ہو رہا ہے، آج اور کل سندھ کے مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔