حنا خان نے دوران علاج کام شروع کردیا

July 20, 2024

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

حال ہی میں چھاتی کے کینسر میں مبتلا ہونے والی بھارتی اداکارہ حنا خان نے دوران علاج کام شروع کردیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر اداکارہ نے اپنی نئی تصویر اور ویڈیو شیئر کی ہے۔

انہوں نے اپنی تصویر کے ساتھ ’مسلسل آگے بڑھتے رہو‘ کا کیپشن لکھا ہے جبکہ انہوں نے جو ویڈیو شیئر کی اس میں انہیں فائٹنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے فائٹنگ کرتے ہوئے ویڈیو شیئر کی اور ساتھ میں لکھا کہ ایک وقت میں ایک قدم، جیت کا ارادہ کرو تو جیت جاؤ گے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں نے جو وعدہ خود سے کیا تھا وہ میں پورا کر رہی ہوں، مجھے جو دن مل رہا ہے اسے بھرپور انداز میں جینے کی کوشش کر رہی ہوں، پھر چاہے مجھے کم دن ہی کیوں نہ ملیں۔

حنا خان نے لکھا کہ کینسر سے لڑنے کا میرا یہ سفر میں چاہتی ہوں کہ ایک بہادر جنگجو کے طور پر یاد کروں نا کہ بےبسی کے طور پر۔

انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس نے انہیں ہمت اور حوصلہ عطا فرمایا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے لیے اور بیماری سے لڑنے والے تمام افراد کی شفایابی کے لیے دعا بھی کی۔