پاکستان شاہینز کی بنگلہ دیش اے کیخلاف پوزیشن مستحکم، خرم کی چھ وکٹ

July 22, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فاسٹ بولر خرم شہزاد کی چھ وکٹوں اور پھر عمیر بن یوسف کی سنچری کی بدولت پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کے خلاف پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔اس سے قبل محمد ہریرہ نے ڈبل اورکامران غلام نے سنچر ی بنائیں تھیں۔آسٹریلیا کے شہرڈارون کے ڈی ایکس سی ایرینا میں چار روزہ میچ کے تیسرے دن اتوار کوپاکستان شاہینز نے دوسری اننگز3وکٹوں پر226 رنز بناکر ڈکلیئر کردی اس طرح بنگلہ دیش اے کو جیتنے کے لیے428رنز کا ہدف ملا ہے۔ کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش اے نے بغیر کسی نقصان کے20رنز بنائے تھے۔اس سے قبل بنگلہ دیش اے نے اپنی پہلی اننگز 203رنز 4کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی لیکن خرم شہزاد کی عمدہ بولنگ کے سبب وہ 63 رنز کا اضافہ کرکے266رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ خرم شہزاد نے 72 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں ۔محمد علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان شاہینز نے پہلی اننگز میں201 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو حسیب اللہ صفر اور کپتان صاحبزادہ فرحان 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد عمیر بن یوسف اور مبصرخان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 177 رنز کا اضافہ کیا۔مبصر خان صرف پانچ رنز کی کمی سے اپنی چوتھی فرسٹ کلاس سنچری مکمل نہ کرسکے۔ ان کی 95 رنز کی اننگز میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔عمیربن یوسف نے100 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔