فضا علی لائیو شو کے دوران محبت کیلئے وظیفہ مانگنے والی کم عمر لڑکی پر برس پڑیں: کھری کھری سنادیں

July 22, 2024


پاکستانی معروف اداکارہ و ماڈل فضا علی کی لائیو شو کے دوران سیخ پا ہونے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

اداکارہ و میزبان فضا علی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کی میزبان ہیں۔

حال ہی میں وہ دینی شخصیات و علمائے کرام کی موجودگی میں لائیو شو ہوسٹ کر رہی تھیں کہ اس دوران ایک کم عمر لڑکی نے شو میں کال کر دی۔

لائیو شو کے دوران 18 سالہ طالبہ نے کال کے دوران بتایا کہ وہ ایک لڑکے سے محبت کرتی ہے مگر وہ لڑکا اُسے توجہ نہیں دیتا، لڑکی نے محبت حاصل کرنے کے لیے دینی شخصیات سے وظیفہ و مشورہ طلب کیا تھا۔

کم عمر لڑکی کے اس سوال پر اداکارہ فضا علی شدید غصے میں آگئیں۔

اداکارہ نے کالر کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ لائیو شو میں آپ کو اس قسم کا سوال کرنے کی ہمت کس نے دی ہے، آپ میں شرم اور غیرت بالکل ختم ہو گئی ہے، یہ عمر تو آپ کی پڑھنے لکھنے اور گھر کے کام کاج سیکھنے، گھر والوں سے اچھے تعلقات بنانے کی ہے۔

فضا علی نے نوجوان نسل اور معاشرے کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کس ڈگر پر چل پڑی ہے، نوجوان نسل کو وظیفے یا عالم کی ضرورت نہیں ہے، تعلیم کی ضرورت ہے۔

اداکارہ فضا علی کا کم عمر لڑکی کو سمجھاتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ گھر میں اپنی والدہ کا ہاتھ بٹائیں، والدین کا سہارا بنیں اور چھوٹے بہن بھائیوں پر توجہ دیں، یہ آپ کس راہ پر چل پڑی ہیں۔

شو کے دوران سخت الفاظ کے استعمال اور ڈانٹنے کے بعد اداکارہ و ماڈل، فضا علی نے کم عمر کالر کو پیار سے بھی سمجھایا کہ پیار محبت میں پڑنے یا علما سے وظائف مانگنے کے بجائے اپنی بہبود پر توجہ دیں۔