پولیس ایم این ایز کے پارٹی وابستگی کے بیان حلفی بھی لے گئی، شبلی فراز

July 22, 2024

شبلی فراز : فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پولیس ہمارے ایم این ایز کے پارٹی وابستگی کے بیان حلفی بھی لے گئی ہے۔

اپنے بیان میں شبلی فراز نے کہا کہ یہ بیان حلفی سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن میں جمع کروانے تھے۔

سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ حکومت کا یہ اقدام عدالتی حکم پر عمل درآمد روکنے کی کوشش ہے، حکومت کیخلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دیں گے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ پر چھاپہ مارکر پارٹی کے مرکزی ترجمان رؤف حسن کو گرفتار کر لیا۔

اسلام آباد پولیس کے بیان کے مطابق رؤف حسن کی نگرانی میں ڈیجیٹل میڈیا سیل چلایا جا رہا تھا، پی ٹی آئی کا ڈیجیٹل میڈیا مرکز انٹرنیشنل ڈس انفارمیشن کا مرکز بنا ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق چھاپہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شواہد کی بنیاد پر مارا ہے، پوری دنیا میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا یہاں سے کروایا جاتا تھا، اسی ڈیجیٹل میڈیا سیل سے ملکی سالمیت کے خلاف پروپیگنڈا بھی چلایا جاتا تھا، پی ٹی آئی ڈیجیٹل میڈیا سیل سے تمام ثبوت تحویل میں لےلیے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ پولیس پی ٹی آئی سیکریٹریٹ سے لیپ ٹاپ اور دستاویزات ساتھ لے کر نہیں گئی ہے۔