سعودی عرب میں آم کی پیداوار میں اضافہ

July 23, 2024

فائل فوٹو

سعودی عرب میں آم کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں 6.966 ہیکٹر اراضی پر آم کے باغات لگائے گئے ہیں جن میں مختلف آموں کی کامیابی سے کاشت کی جاتی ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق آم کی کاشت میں اس وقت سعودی عرب 68 فیصد خود کفیل ہو چکا ہے۔ مختلف علاقوں میں آم کی فصل اپریل سے اگست تک تیار ہوتی ہے۔

سعودی وزارت زراعت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں اس وقت 20 اقسام کے آموں کی کاشت کی جاتی ہے جن میں سمکہ، ناعومی، الزبدہ، الجولی، تیمور اور عیون المھا سب سے زیادہ مقبول ہیں۔

سعودی وزرات کے مطابق مکہ میں آم کی سالانہ پیداوار 17 ٹن سے زائد ہے جبکہ مدینہ منورہ ریجن میں 4505 ٹن، عسیر میں 2800 ٹن اور تبوک میں 2500 ٹن سے زائد کاشت ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ ریاض، قصیم، مشرقی علاقے نجران اور الباحہ میں بھی مختلف اقسام کے آم کامیابی سے کاشت کیے جاتے ہیں۔