اسموگ کا سبب بننے والی ہر چیز کیخلاف کارروائی ہو گی، مریم اورنگزیب

July 23, 2024

فائل فوٹو

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی ماحول پر پالیسی دو ٹوک ہے، اسموگ کا سبب بننے والی ہر چیز کے خلاف کارروائی ہو گی۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے قصور کا دورہ کیا اور اسموگ کا باعث بننے والے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کو گروا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ماحول کو آلودہ کرنے اور اسموگ پھیلانے والے بھٹے اور کارخانے بند ہوں گے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر ایک بھی بھٹہ نہیں چلنے دیں گے، زگ زیگ کے معیار پر پورا نہ اترنے والا بھٹہ گرا دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ماحول دوست پالیسی کے تحت پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائی، پنجاب بھر میں اسموگ کے خلاف آپریشن جاری ہے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ چند پیسے بچانے کے لیے انسانوں کو بیماریوں میں مبتلا کر دیا جاتا ہے ، نوٹسز ہوتے ہیں مگر عمل کوئی نہیں کرتا، اب کوئی رعایت نہیں ہوگی، آلودگی کا باعث بننے والی بااثر افراد کی فیکٹریوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جا رہا ہے، ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ قصور میں 640 بھٹے ماحول دوست زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیے گئے، مزید 15 بھٹوں کو بھی جلد زگ زیگ پر منتقل کرائیں گے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ لاہور، شیخوپورہ اور قصور میں چمڑہ جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں ، ریاست کے تمام اداروں کو مل کر اپنی ذمے داری نبھانی ہے۔