ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں آئی پی پیز کیخلاف قرارداد جمع کروادی

July 24, 2024

قرارداد میں ایم کیو ایم پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے: فوٹو فیس بک علی خورشیدی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے سندھ اسمبلی میں انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے خلاف قرارداد جمع کروادی۔ قرار داد میں آئی پی پیز کو قومی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

قرارداد اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی اور نجم مرزا نے جمع کروائی، جس میں کہا گیا ہے کہ اگر کیپسٹی چارجز کی مد میں ادائیگیاں ہوتی رہیں تو یہ ملکی بقاء کا مسئلہ ہو جائے گا، صنعتی و گھریلو بجلی صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت نا قابل برداشت ہو چکی ہے، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے، ادائیگیاں ملکی معیشت پر بوجھ ہیں۔

قرارداد کے متن کے مطابق آئی پی پیز کے ساتھ ماضی میں غلط معاہدوں سے ٹیرف ناقابل برداشت ہے۔

سندھ اسمبلی میں جمع کروائی گئی قرارداد میں ایم کیو ایم پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے اور عالمی عدالت انصاف سے غیر منصفانہ معاہدوں کے خلاف رجوع کیا جائے۔