حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ذمہ داری سے نکلنے کا فیصلہ، ذرائع

July 24, 2024

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ذمہ داری سے نکلنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتیں مقرر کرنے کا حکومتی اختیار ختم کرنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مرحلہ وار قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار دینے کی تیاری کرلی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وزیر پیٹرولیم نے اہم اجلاس کل طلب کر لیا، چیئرمین اوگرا کو قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کے اثرات اور لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کا حتمی فریم ورک وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا۔

پیٹرولیم ڈیلرز نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار دینے کی مخالفت کی تھی، پیٹرولیم ڈیلرز نے کھلا اختیار ملنے پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب ناجائز منافع خوری کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔