بجلی چوری کیخلاف اینٹی تھیفٹ ریکوری مہم کے باوجود 3 لاکھ کنڈا کنکشن سے بجلی چوری کا انکشاف

July 27, 2024

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) بجلی چوری کی روک تھام کیلئے جاری اینٹی تھیفٹ ریکوری مہم کے باجود3 لاکھ سے زائد کنڈا کنکشن کے ذریعے بجلی چوری کا انکشاف،13اضلاع کے 26لاکھ گھرانوں میں سے حیسکو کے 12لاکھ 40ہزار 509صارفین، باقی 10 لاکھ سے زائد گھرانے چوری کی بجلی استعمال کررہے ہیں یا پھر توانائی کے متبادل ذرائع استعمال کررہے ہیں،تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں کی طرح حیدرآباد میں بھی شدید گرمی اور حبس ہے اور حیسکو کی جانب سے بجلی کی گھنٹوں بندش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔،یسکو ریجن کے حیدرآباد سمیت دیگر اضلاع میں بھی10سے12گھنٹے روزانہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہےاور اس ضمن میں حیسکو کی جانب سے یومیہ 200میگا واٹ کا شارٹ فال اور دیگر لائن لاسز بھی بجلی کی گھنٹوں بندش کرکے پورے کیے جارہے ہیں، حیسکو ریجن کے13اضلاع مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، میرپورخاص، عمر کوٹ، تھرپارکر، ٹنڈو الہیار، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، سانگھڑ اور جامشورو کی مجموعی آبادی ایک اندازے کے مطابق 1کروڑ 50لاکھ کے قریب ہے اور تمام اضلاع میں26لاکھ کے قریب گھرانے ہیں، لیکن حیسکو کے تمام اضلاع میں 12لاکھ40ہزار 509 بجلی کے کنکشن ہیں، جس میں 80فیصد گھریلو اور 20فیصد کمرشل صارفین شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق حیسکو ریجن میں 10لاکھ سے زائد گھرانے چوری کی بجلی استعمال کررہے ہیں یا پھر توانائی کے متبادل ذرائع کا استعمال کررہے ہیں،جبکہ 13 اضلاع میں 3سے ساڑھے 3لاکھ گھرانے ایسے ہیں جو کنڈا کنکشن کے ذریعے بجلی چوری کررہے ہیں، جس کے پیش نظر بجلی چوروں کے خلاف گزشتہ برس 7ستمبر سے جاری اینٹی تھیفٹ ریکوری مہم پر سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔ حیسکو ترجمان کے مطابق ریجن میں لاکھوں گھر ایسے ہیں جہاں پر بجلی کی کنکشن لگنے چاہئیں، چوروں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ حیسکو ترجمان کے مطابق حیسکو ریجن میں یومیہ بجلی کی طلب 1350میگا واٹ اور سپلائی 1150میگا واٹ بجلی ہورہی ہے، جبکہ 200میگا واٹ کا شارٹ فال بجلی کی 10سے 12گھنٹے لوڈشیڈنگ کرکے پورا کیا جارہا ہے، 12 لاکھ 40ہزار 509بجلی کے کنکشن میں سے 80 فیصد گھریلو اور 20فیصد کمرشل صارفین شامل ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ مہم کے ذریعے اس وقت تک 13 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے اور 81ہزار 764بجلی کے غیر قانونی کنکشنز کاٹے گئے، جبکہ 5ہزار 376ایف آئی آرز درج کی گئیں اور 1ارب 19کروڑ 92لاکھ کے جرمانے عائد کیے گئے۔