جے ایس ایم یو اور کرن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

July 27, 2024

کراچی(نیوز ڈیسک)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ٹیکنالوجی نے حال ہی میں جامعہ اور کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ریڈیو تھراپی اینڈ نیوکلیئر میڈیسن (KIRAN) کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، ایم او یو پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن، جے ایس ایم یو کے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، ڈائریکٹر کرن ڈاکٹر اصغر اور ہیڈ ایڈمن کرن ڈاکٹر سلمان حبیب نے دستخط کیے۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر امجد سراج میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت ہمارے طلباء کو جامع اور جدید طبی تعلیم فراہم کرنے کی ہماری کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ریڈیو تھراپی اینڈ نیوکلیئر میڈیسن کے ساتھ تعاون کرکے ہم اپنے طلباء کو ریڈیولوجی، نیوکلیئر میڈیسن، ریڈیو تھراپی اور متعلقہ طبی شعبوں میں تربیت کے بہتر مواقع فراہم کر سکیں گے۔ ڈائریکٹر آئی ایم ٹی ڈاکٹر محمد عمران نے بتایا کہ معاہدے میں فیکلٹی ممبران کا تبادلہ شامل ہے، جس سے وہ اپنی مہارت اور تجربہ شیئر کر سکتے ہیں۔ یہ معاہدہ مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ جہاں ادارے طبی علم اور مشق کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔ مزید برآں، یہ مفاہمتی یادداشت شراکت داروں کو سیمینارز، کانفرنسوں اور دیگر تعلیمی میٹنگز میں شرکت کے ساتھ ساتھ علمی مواد اور معلومات کے تبادلے کے مواقع فراہم کرے گی۔ دونوں ادارے اپنے فیکلٹی اور عملے کے لیے پیشہ ورانہ ترقی کے اقدامات کے ساتھ ساتھ خصوصی مختصر مدت کے تعلیمی پروگراموں اور تربیتوں کو عمل میں لانےاور ان پر عمل درآمد کرنے میں بھی تعاون کریں گے۔