کنگنا رناوت کی رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے پہلی تقریر، ویڈیو وائرل

July 27, 2024

اسکرین گریب

بالی ووڈ کی اداکارہ و سیاسی رہنما کنگنا رناوت کی عام انتخابات میں کامیابی عدالت میں چیلنج ہونے کے باعث اداکارہ ان دنوں شہہ سرخیوں میں ہیں، تاہم اسی دوران انہوں نے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے پالیمنٹ میں اپنی پہلی تقریر دے دی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے ارکان پالیمنٹ سے پہلا خطاب کرتے ہوئے ویڈیو شیئر کی ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

وائرل ویڈیو میں بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ کو معدوم ہوتی ہماچل کی قبائلی موسیقی اور لوک فن کے حوالے سے آواز بلند کرتے ہوئے سنا اور دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکارہ نے اپنے پہلے خطاب کے دوران کہا کہ مندی میں، فن کی مختلف شکلیں ہیں جو معدوم ہونے کے دہانے پر ہیں۔ ہماچل پردیش کی مقامی تعمیراتی تکنیک جسے کاٹھ-کونی کہا جاتا ہے، معدوم ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس کاٹھ-کونی کی تکنیک سے بھیڑوں کی کھال سے مختلف قسم کے کپڑے جیسے کہ جیکٹ، ٹوپیاں، شالیں، سویٹر وغیرہ بنائی جاتی ہیں جو بیرون ممالک میں قیمتی سمجھے جاتے ہیں۔ ہمیں اسے فروغ دینے کے لیے اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کنگنا نے لکھا کہ آج مجھے پارلیمنٹ میں مندی (ہماچل پردیش) کے بارے میں بات کرنے کا پہلا موقع ملا۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست ہماچل پردیش کی عدالت میں کنگنا رناوت کی 2024 کے عام انتخابات میں کامیابی کو آزاد امیدوار لائق رام نیگی کی جانب سے چیلنج کردیا گیا ہے۔

کنگنا رناوت کے خلاف دائر پٹیشن پر عدالت نے سماعت کرتے ہوئے انہیں نوٹس جاری کردیے۔

یاد رہے کہ 38 سالہ بالی وڈ کوئین کنگنا رناوت نے پچھلے ماہ ہونے والے بھارتی الیکشن میں پہلی مرتبہ حصہ لیا تھا اور کامیابی حاصل کی تھی۔