برطانیہ عالمی عدالت میں اسرائیلی وزیراعظم کے وارنٹ کی درخواست کو چیلنج کرنے سے دستبردار

July 27, 2024

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو--- فائل فوٹو

برطانیہ عالمی عدالت میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ کی درخواست کو چیلنج کرنے سے دستبردار ہوگیا۔

برطانوی وزیراعظم کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمارا مؤقف ہے کہ یہ عدالت کا معاملہ ہے لہٰذا وہی فیصلہ کرے گی۔ عالمی اور ملکی سطح پر قانون کی حکمرانی اور اختیارات کی منتقلی پر یقین رکھتے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق چیف پراسیکیوٹر آئی سی سی نے اسرائیلی وزیراعظم اور وزیر دفاع کے جنگی جرائم پر وارنٹ کی درخواست دی ہے۔

چیف پراسیکیوٹر نے حماس کے تین رہنماؤں کیلئے بھی ایسے ہی وارنٹ کی درخواست کی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کا مؤقف تھا اوسلو معاہدے کے تحت فلسطین اسرائیلیوں پر مجرمانہ دائرہ اختیار استعمال نہیں کرسکتا۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 39 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔