فلسطین میں انسانی المیہ جنم لےچکا ہے، عالمی برادری اپنی ذمے داریاں پوری کرے، وزیرِ اعظم

July 27, 2024

فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خان یونس میں اسرائیلی فورسز کی پُرتشدد کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہفلسطین میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

ایک بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ خان یونس میں اسرائیل کی بربریت کے باعث ڈیڑھ لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ خان یونس کے محاصرے سے علاقے میں اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی ہے، اسرائیلی فورسز فلسطینیوں کی نسل کشی کے سنگین جرم کا ارتکاب کر رہی ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے میڈیکل کالجز میں فلسطین کے میڈیکل کے طلبہ کے لیے خصوصی انتظام کی ہدایت کی ہے، خصوصی انتظام کی ہدایت اس لیے کی تاکہ فلسطینی طلبہ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان نے عالمی انصاف میں اپنے بیان میں فلسطینیوں کے حق خود ارادیت اور مظالم پر بھرپور آواز اٹھائی، عالمی عدالتی انصاف کے فلسطین سے متعلق فیصلے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اب تک پاکستان سے 1200 ٹن اور 3 بحری جہازوں کے ذریعے 1500 ٹن امدادی سامان فلسطین بھجوایا جا چکا، پاکستانی حکومت اور عوام اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔