فوجی تنصیبات پر حملے کروانے والا اپنے وقت کا فرعون معافیاں مانگ رہا ہے، عظمیٰ بخاری

July 27, 2024

فائل فوٹو

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملے کروا کر شہداء کے مجسمے جلا کر اپنے وقت کا فرعون معافیاں مانگ رہا ہے۔

ایک بیان میںعظمیٰ بخاری نے کہا کہ محبت کی پینگیں بڑھانے اور معافی کے پیغامات کو عمران خان کی زبان میں این آر او کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل تک نیوٹرل ہونا جانور اور گالی تھا آج ان کو دوبارہ نیوٹرل ہونے کا کہہ رہا ہے، جس نے آج تک 9 مئی کے حملوں کی مذمت نہیں کی وہ جیل سے نکلنے کے لیے پینترے بدل رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ درجن بھر ناکام تحریکیں، فلاپ بیانیے اور روزانہ کے کٹھ پتلی شو کے بعد سرنڈر کرنا ہی بنتا تھا، دو سال سے جو بہروپیا کہہ رہا تھا میں قوم کی جنگ لڑ رہا آج وہ پاؤں پکڑ رہا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کچھ دانشوروں کو بھی معلوم ہو گیا یہ جیل سے نکلنے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہا تھا، 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور اس کے سہولت کاروں کو کوئی معافی نہیں ملنی۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام منتظر ہیں 9 مئی کے حملوں میں ملوث نامزد ملزمان کو عدالتی نظام کب کیفر کردار تک پہنچاتا ہے، شہداء کے مجسمے جلانے والے اور ان کا تمسخر اڑانے والے کسی رحم اور معافی کے مستحق نہیں ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ جن شہداء کے مجسمے جلائے ان کے لواحقین آج بھی نظام عدل کی طرف دیکھ رہے ہیں۔