سرکاری افسران کو نامعلوم نمبرز یا ای میل سے موصول فائلز ڈاؤن لوڈ نہ کرنے کی ہدایت

July 27, 2024

فوٹو فائل

کابینہ ڈویژن نے سرکاری اداروں کے افسران کو نامعلوم نمبرز یا ای میل سے موصول فائلز کو ڈاؤن لوڈ نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور صوبائی حکومتوں کو مراسلہ بھیجا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ نمبرز، جعلی ای میلز کے ذریعے ٹارگٹ کرکے سائبر حملے کیے جاتے ہیں۔

ہیکرز وائرس شدہ پیغامات بھیجنے کیلئے موبائل نمبرز، ای میلز کا سہارا لیتے ہیں، فیک ڈومین والے نمبرز سے ہیکرز وائرس کے ذریعے سائبر حملے کی کوشش کرتے ہیں۔ مختلف سسٹمز تک رسائی کیلئے سافٹ ویئر استعمال کرکے فائلز بھی بھیجتے ہیں۔

مراسلے میں تمام سرکاری اداروں کے افسران اور عملے کو ان ہدایات پر عمل درآمد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔