خرم شیر زمان کا وزیر اعلیٰ سندھ کو خط، امن و امان کی صورتحال پر تشویش

July 27, 2024

رہنما پی ٹی آئی خرم شیر زمان ۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو خط لکھ کر صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

خرم شیر زمان نے خط میں لکھا ہے کہ سی پی ایل سی ڈیٹا کے مطابق کراچی میں رواں سال کے 6 ماہ میں 72 افراد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں قتل ہو چکے ہیں۔

خط میں مزید لکھا کہ 10 ہزار 304 موبائل فونز چھینے گئے۔ 4 ہزار 639 موٹر بائیکس گن پوائنٹ پر چھینی گئیں، جبکہ 22 ہزار سے زائد موٹر سائیکلز چوری ہوئی ہیں۔

ڈیٹا کے مطابق کراچی میں 6 ماہ میں 135 گاڑیاں گن پوائنٹ پر چھینی گئی ہیں۔ 870 گاڑیاں چوری ہوئی ہیں۔

اپنے خط میں رہنما پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ شہر میں گاڑیوں پر سوار گارڈز کی جانب سے اسلحہ کی نمائش بڑھ گئی ہے۔ جس سے عام شہری خوف کا شکار ہوتا ہے۔