ساحلوں پر پلاسٹک بیگ پھینکنے کے رجحان میں 80 فیصد کمی

July 30, 2024

لندن (پی اے) سمندر کے کنارے صاف کرنے والے اداروں کی رپورٹ کے مطابق ساحلوں پر پلاسٹک بیگ پھینکنے کے رجحان میں گزشتہ ایک عشرے کے دوران 80فیصد کمی ہوئی ہے، تاہم کمپینرز کا کہنا ہے کہ پلاسٹک بیگ پھینکنے کے سلسلے کو روکنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ میرین کنزرویشن سوسائٹی کا کہنا ہے کہ ساحلوں کو صاف رکھنے کے ان کے پروگرام کے دوران ساحل کے 10میٹر کے علاقے میں پلاسٹک بیگ ایک عشرے کے مقابلے میں 80فیصد کم ملے۔ چیرٹی کو امید ہے کہ اب ایک مرتبہ استعمال کی جانے والی پلاسٹک کی کٹلری، پولیسٹر کے کپ، غبارے اور فوڈ کنٹینر کے پھینکنے میں بھی کمی ہوگی۔ ایم سی ایس نے نئی حکومت پر زور دیا ہے کہ ڈپازٹ ریٹرن اسکیم اور فوڈ کنٹینر واپس کرنے پر رقم کی واپسی کی اسکیمیں شروع کرنے کی ترغیب دے تاکہ لوگوں کی جانب سے یہ اشیا پھینکنے کاسلسلہ روکا جاسکے۔ ایم سی ایس نے اس سال برائٹن میں ایک تقریب میں برطانیہ کے صاف ساحل کے عنوان سے ایک مہم شروع کی تھی، جس کے دوران ہر رضاکار نے 100 میٹر کے فاصلے پر پڑی ملنے والی اشیا کا ریکارڈ تیار کیا تھا، جس کے دوران برائٹن کے ساحل پر بھی، جسے باقاعدگی سے صاف کیا جاتا ہے، مشروبات پینے کے اسٹرا، خالی ڈبے اور دیگر اشیا پڑی ہوئی ملیں۔ اس مہم کے دوران کئی ساحلوں کی صفائی مہم میں شریک رہنے والے کامیڈین نے کہا کہ لوگ اس مہم میں شامل ہوجائیں تو اس کا بہت اچھا اثر پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ مثبت ماحول تیار کرنے کے حوالے سے یہ ایک بہت چھوٹا ساکام ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا میں بہت سے ممالک کے لوگ بڑی تعداد میں بگڑتے اور خراب ہوتے ماحول کو صاف ستھرا بنانے کے کام میں شریک ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عوام حکومت اور سپرمارکیٹس کو بھی کچرا کم کرنے کیلئے اقدامات پر مجبور کرسکتے ہیں۔ ایک خاتون نے حکومت پر زور دیا کہ وہ برطانیہ کے ساحلوں اور پانیوں کو آلودہ کرنے والے سیوریج کا مسئلہ حل کرنے کا ذمہ دار پانی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو قرار دے۔ ایم سی ایس کی Lizzie Price نے کہا کہ ساحلوں کی صفائی کے دوران جمع ہونے والے ڈیٹا سے کچرا پھینکے جانے کے مقامات کی نشاندہی ہوتی ہے، خواتین اپنی ماہواری میں استعمال ہونے والی اشیا بھی یوں ہی پھینک دیتی ہیں۔ انہوں نے اس کے ساتھ غیر مصفح پانی کو بھی ایک مستقل مسئلہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ 30 سال سے ساحلوں پر کچرے کا ڈیٹا جمع کررہے ہیں اور گزشتہ ایک عشرے کے دوران ساحلوں پر پائے جانے والے کچرے میں 80 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپازٹ ریٹرن اسکیم 2027 میں تیار کی گئی تھی لیکن ابھی تک اس پر عملدرآمد نہیں ہوا، اس میں گلاس کی بوتلوں کو بھی شامل کیا جائے کیونکہ یہ بوتلیں ٹوٹ جائیں تو انسانوں کیلئے نقصاندہ ثابت ہوسکتی ہیں، انھیں جمع کر کے ری سائیکل کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ برطانیہ کے صاف ساحل کے تحت مہم اب تک ساحلوں کی صفائی کی100 سے زیادہ مہم چلائی جاچکی ہیں، ساحلوں کی صفائی کی یہ مہم 20 ستمبر سے شروع کی جائے گی اور 29 ستمبر تک جاری رہے گی۔