ٹرمپ خطرناک صدارت کیلئے موزوں نہیں، نیو یارک ٹائمز

July 30, 2024

نیویارک (نیوز ڈیسک) نیویارک ٹائمز نے ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو خطرناک شخص قرار دیتے ہوئے امریکا کی صدارت کے لیے ناموزوں شخص قرار دے دیا۔ نیو یارک ٹائمز نے اپنے اداریے میں لکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے الفاظ، اپنے افعال اور اپنے اقدامات میں انتہائی خطرناک ہیں، انہیں دنیا کا سب سے اہم کام سونپا نہیں جا سکتا۔ ٹرمپ اپنی ذات کو ملک پر فوقیت دیتے ہیں، وہ ان قوانین سے سخت نفرت کرتے ہیں جن کے تحت امریکی شہری اپنی زندگیاں گزارتے ہیں۔ ریپبلکن پارٹی جو کبھی امریکا کی بہترین سیاسی جماعت ہوا کرتی تھی ، وہ ایک ایسے شخص کی خدمت کر رہی ہے جو صدارتی نامزدگی کے لیے نااہل ہے۔ ایسا شخص جو اپنی اقدار، مزاج، نظریات اور زبان میں ہر اس چیز کی نفی کرتا ہے۔2دہائیوں سے زائد عرصے سے امریکیوں کی بڑی تعداد ملکی سمت سے مطمئن نہیں ہے، بالخصوص کووڈ کے بعد ہوشربا مہنگائی، بڑھتی شرح سود، معاشرتی تقسیم اور سیاسی جمود نے امریکی رائے دہندگان کو بہت زیادہ مایوس کر دیا ہے۔ دوسری جانب امریکی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ بعض مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ٹرمپ دوبارہ صدر بنے تو غیرقانونی تارکین وطن کی ملک بدری میں 10گنا اضافہ کریں گے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کی صورت میں غیر قانونی تارکین وطن کی گرفتاریوں کے لیے نیشنل گارڈز اور فوج تعینات کیے جانے کاامکان ہے۔ ٹرمپ غیر قانونی تارکین وطن کے امریکا میں پیدا ہونے والے بچوں کی شہریت پر پابندی لگانے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے عہد کیا ہے کہ وہ صدر بائیڈن، اْن کے اہل خانہ اور اپنے تمام سیاسی مخالفین کے خلاف بھی مقدمات شروع کریں گے۔ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں واپسی پر حکومتی طاقت کا توازن صدر کے حق پر بھی غور کررہے ہیں ۔