برطانیہ اور جرمنی میں نئے مشترکہ دفاعی اعلامیے پر دستخط

July 30, 2024

لندن(نمائندہ جنگ) برطانیہ اور جرمنی نے نئے مشترکہ دفاعی اعلامیے پر دستخط کئے ہیں جس میں دفاع سے متعلق شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کا عزم کیا گیا ہے۔ وزارت دفاع کی ایک پریس ریلیز کے مطابق اس معاہدے پر 24 جولائی 2024 کو برطانیہ کے وزیر دفاع جان ہیلی اور جرمن وزیر دفاع بورس پسٹوریئس نے دستخط کئے۔ اعلامیہ میں ابھرتے ہوئے جغرافیائی سیاسی خطرات کیلئے متحد ردعمل کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی ہے خاص طور پر یوکرین میں جاری تنازع کی روشنی میں۔جرمنی کی وزارت دفاع اور برطانیہ کی وزارت دفاع نے 21ویں صدی کے مشترکہ چیلنجز کا بہتر طریقے سے مقابلہ کرنے اور دفاع سے متعلقہ شعبوں میں دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو بہترین طریقے سے محفوظ بنانے کیلئے دوطرفہ دفاعی تعاون کو بہتر بنانے اور مزید بڑھانے کا عہد کیا ہے۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی کے بڑھتے ہوئے خدشات کے جواب میں معاہدہ کئی ترجیحی مقاصد کا تعین کرتا ہے۔ ان میں دفاعی صنعتوں کو مضبوط کرنا، یورو اٹلانٹک سیکورٹی کو تقویت دینا، باہمی تعاون کو بڑھانا اور یوکرین کی دفاعی صلاحیتوں کی حمایت کرنا شامل ہیں۔