ساؤتھ پورٹ میں چاقو حملے کا واقعہ دہشت گردی نہیں، پولیس چیف کانسٹیبل مرسی سائیڈ

July 31, 2024

گریٹر مانچسٹر/ بولٹن (نمائندہ جنگ) پولیس چیف کانسٹیبل مرسی سائیڈ سرینا کینیڈی نے پریس کانفرنس کے دوران اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ساؤتھ پورٹ میں ٹیلر سوئفٹ تھیمڈ ڈانس ایونٹ میں چاقو کے حملے کےواقعے کو فی الحال دہشت گردی سے متعلق نہیں جوڑا جاسکتا اور ہم اس واقعے کے سلسلے میں کسی اور کی تلاش نہیں کر رہے ہیں، واقعہ میں دو بچے ہلاک ہو ئے۔ انہوں نے کہا کہ ’’وحشیانہ حملے‘‘ میں09بچے زخمی ہوئے جن میں چھ کی حالت نازک ہے۔ اس کے علاوہ دو بالغ افراد کی حالت بھی تشویشناک ہے تمام زخم چاقو کے زخموں کے نتیجے میں آئے۔ادھر پولیس نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ بینکس کا ایک 17سالہ لڑکا جسے پیر 29جولائی کی صبح کو ساؤتھ پورٹ میں چھرا گھونپنے کے حوالے سے گرفتار کیا گیا تھا جو پولیس کی تحویل میں ہے، سے اس واقعے کے بارے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، افسوسناک واقعے کے محرکات کو جاننے کیلئے لوگوں سے گزارش کی گئی ہے کہ تحقیقات جاری رہنے کے دوران قیاس آرائیاں نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اَپ ڈیٹ عوام کو دی جائے گی۔ کمیونٹیز اَپ ڈیٹس کیلئے سوشل میڈیا پر مرسی سائیڈ پولیس کی پیروی کر سکتی ہیں اور اگر وہ معلومات جمع کرانا چاہتی ہیں تو وہ مرسی سائیڈ پولیس کی ویب سائٹ یا کرائم سٹاپرز پر دے سکتی ہیں۔