جماعت احمدیہ برطانیہ کا 58واں جلسہ سالانہ اختتام پذیر ہوگیا

July 31, 2024

آلٹن (رپورٹ/ فتح الحق) جماعت احمدیہ برطانیہ کا58واں جلسہ سالانہ تین روز جاری رہنے کے بعد اتوار کی شام کو اختتام پذیر ہوگیا۔ جلسہ میں دنیا بھر کے121ممالک سے43460افراد شریک ہوئے۔ روزانہ دو اجلاس منعقد ہوتے رہے جن سے خطاب کرنے والے مقررین کا تعلق برطانیہ کے علاوہ کینیڈا، گھانا، جرمنی سے تھا۔ جلسہ کے تینوں روز جماعت احمدیہ کے سربراہ مرزا مسرور نے خطاب کیا۔ خواتین سے خطاب کرتے ہوئے مرزا مسرور نے نوجوان نسل کو دنیاداری کی دوڑ سے دور رہنے اور عبادات پر متوجہ رہنے کی تلقین کی۔ گھروں کے ماحول کو پاک بنانے اور خود کو دنیا کی لغویات سے محفوظ بنانے کی نصیحت کی۔ جلسہ کے دوسرے روز نئی جماعتوں اور تعمیر کی جانے والی عبادت گاہوں کی تفصیل بیان کرتے ہوئے مرزا مسرور نے بتایا کہ ایک سال کے دوران17ممالک میں دو لاکھ28ہزار پانچ سو61افراد جماعت احمدیہ میں شامل ہوئے۔ تائیوان وہ نیا ملک ہے جہاں احمدیہ کا نفوذ ہوا ہے۔ اس طرح جماعت214ممالک میں قائم ہوچکی ہے۔ دوران جلسہ ایک خصوصی اجلاس میں عمائدین برطانیہ و دیگر ممالک کے مہمانوں نے خطاب کیا اور جماعت احمدیہ کی سماجی خدمات کو سراہا۔ 73طلبہ اور103طالبات کو ان کی اعلیٰ تعلیمی کارکردگی پر سراہا گیا۔ اتوار کے روز اختتامی اجلاس کے شروع میں امیر جماعت برطانیہ رفیق حیات نے کنگ چارلس کی طرف سے بھجوائے جانے والا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ چالیس ہزار افراد کے قیام و طعام ٹرانسپورٹ کا انتظام جماعتی طور پر کیا گیا تھا۔ جلسہ کا اختتام اجتماعی دعا پر ہوا۔