بائیڈن نے ’’سپریم کورٹ اصلاحات‘‘ منصوبہ پیش کردیا

July 31, 2024

واشنگٹن (نیوزڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی استثنیٰ کے خاتمے اور سپریم کورٹ کے ججز کو سیاست سے روکنے کیلئے ’سپریم کورٹ فوری اصلاحات‘ کا منصوبہ پیش کردیا ہے ، نئی اصلاحات منظور ہونے پر 9ججز کی تاحیات مدت کم ہوکر 18سال مقرر ہوجائیگی، ججز کو ملنے والے تحائف بتانا ہوں گے ، سپریم کورٹ کے ججز کو خود کو ایسے مقدمات سے دور رکھنا ہوگا جس میں انکے یا شریک حیات کے مالی یا دیگر مفادات ہوں ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں فوری اصلاحات کے منصوبوں کا اعلان کیا۔وائٹ ہاؤس کے مطابق، 81سالہ ڈیموکریٹ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی استثنیٰ کی حمایت کرنے والی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو کالعدم کرنے کے لیے آئینی ترمیم کا مطالبہ کر رہے ہیں۔