وکی کوشل اور کترینہ کیف کی شادی میں ’نو فون پالیسی‘ پر سنی کوشل کی لب کشائی

July 31, 2024

---فائل فوٹوز

بالی ووڈ انڈسٹری کے چاکلیٹی ہیرو وکی کوشل کے چھوٹے بھائی،ابھرتے اداکار، سنی کوشل نے بھائی اور بھابی کترینہ کیف کی شادی پر اپنائی گئی ’نو فون پالیسی‘ پر بات کی ہے۔

سنی کوشل نے ایک حالیہ انٹرویو میں وجہ بتائی ہے کہ اِن کے بھائی وکی کوشل اور بھابی کترینہ کیف کی شادی میں ’نو فون پالیسی‘ کیوں نافذ کی گئی تھی۔

وکی کوشل کے بھائی سنی نے ’زوم‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شادی کی تقریبات کے دوران پرائیویسی کو اہمیت اور مدِ نظر رکھتے ہوئے شادی میں فون کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی گئی تھی۔

سنی کوشل کا اپنے بھائی، وکی کی شادی کو یاد کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے شادی پر جو کچھ کیا وہ سب بہت شاندار اور دلچسپ تھا، ہم نے ’نو فون پالیسی‘ کو اپنایا اور محسوس کیا کہ سب نے اپنے موبائل فون ایک جانب رکھ کر صرف اور صرف شادی پر توجہ دی اور اسے بھرپور انداز میں انجوائے کیا۔‘

سنی کے مطابق شادی پر سب مہمان تقریبات سے اتنا محظوظ ہوئے کہ کسی کو اپنے فون کا ہوش ہی نہیں رہا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’نو فون پالیسی‘ کی وجہ سے مہمان آپس میں خوب گھل مل گئے تھے، سب ایک ٹیم کی طرح بن گئے تھے، میرے دوست اور رشتے دار، کترینہ کیف کے دوست اور رشتے دار، سب نے آپس میں اتنا اچھا تعلق بنا لیا تھا کہ پتہ ہی نہیں چلا کہ تین روزہ تقریبات کا اختتام کب ہو گیا۔

سنی کوشل کا کہنا تھا کہ آپ دباؤ میں رہتے ہوئے شادی نہیں کر سکتے ہیں، ہم پر ’نو فون پالیسی‘ اپنانے کے بعد کوئی دباؤ نہیں رہا تھا، کوئی ڈر نہیں تھا کہ کوئی تصویر یا یادگار لمحہ لیک ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ اداکارہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے دسمبر 2021ء میں راجستھان میں ایک انتہائی نجی تقریب کے دوران شادی کی تھی۔