پیرس اولمپکس: سخت سیکیورٹی کے باوجود اسرائیلی کھلاڑی خوفزدہ

August 01, 2024

فوٹو : نیویارک ٹائمز

پیرس اولمپکس 2024 میں سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود اسرائیلی کھلاڑی خوف کا شکار ہوگئے۔

اسرائیلی کھلاڑیوں کو پیرس میں کسی ریاستی سربراہ کے طرز پر سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے، تاہم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد سیکیورٹی حکام نے اسرائیلی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کیلئے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

1972ء میں ہونے والے میونخ اولمپکس میں 11 اسرائیلی کھلاڑیوں اور کوچز کو قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد سے ہر اولمپکس مقابلوں میں اسرائیلی کھلاڑیوں کو خصوصی سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق پیرس جانے سے قبل بھی اسرائیلی کھلاڑیوں کو ای میلز کے ذریعے دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔

اسرائیل اولمپکس مقابلوں میں میزبان ملک کی فراہم کردہ سیکیورٹی کے ساتھ اپنی علیحدہ سیکیورٹی کو بھی استعمال کرتا ہے، اس کے باوجود اسرائیلی کھلاڑیوں کیلئے اولمپکس میں سیکیورٹی خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

اسرائیل کی ایک خاتون میراتھونر کا کہنا ہے کہ وہ اولمپکس کے دوران کھیل کے علاوہ اپنے ملک کا لباس نہیں پہنتی جبکہ اپنے بیگ پر بنے جھنڈے کو بھی ٹیپ لگا کر چھپا دیا ہے۔