ہڈرز فیلڈ: گھر میں آتشزدگی سے خاتون اور آٹھ سالہ بچی ہلاک

August 02, 2024

ہڈرزفیلڈ (زاہدانور مرزا) شمالی برطانیہ کے علاقے ہڈرز فیلڈ میں گھر میں آگ لگنے سے ایک 31سالہ خاتون اور ایک آٹھ سالہ بچی ہلاک ہو گئی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ویسٹ یارکشائر پولیس واقعہ کو ’’مشتبہ‘‘ قرار دے رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیڈز روڈ پر واقع گھر میں آگ لگنے سے آٹھ سالہ بچی اور ایک خاتون دم توڑ گئیں جب کہ دوسرے بچے جس کی عمر 10 سال ہے وہ ہڈرفیلڈ کے مقامی ہسپتال میں تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ایمرجنسی سروسز کو گزشتہ روز صبح تقریباً 2.20پر لیڈز روڈ پر واقعہ کی اطلاع دی گئی جہاں فائر فائٹرز نے خاتون اور دو بچوں کو گھر سے نکالا۔ ویسٹ یارکشائر پولیس نے بتایا کہ تینوں کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا جہاں خاتون اور دو لڑکیوں میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ آگ کی تحقیقات کرنے والے پولیس افسران نے کہا کہ وہ آگ کو ’’مشتبہ‘‘ سمجھ رہے ہیں۔ اس واقعے کے سلسلے میں کسی اور کی تلاش نہیں کر رہے۔ مقامی کمیونٹی کی طرف سے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور گھر کے باہر پھول رکھے گئے۔ ویسٹ یارکشائر پولیس نے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔