بچوں کے جنسی استحصال کا الزام، آٹھ افراد پر فرد جرم عائد

August 02, 2024

ہیلی فیکس( نمائندہ جنگ) ہیلی فیکس میں بچوں کے ساتھ جنسی استحصال کے الزام میں آٹھ افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ہے،ان افراد پر متعدد جنسی جرائم کا الزام ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق ان افراد پر الزام 2006اور 2009کے درمیان ویسٹ یارکشائر پولیس کی جانب سے جنسی استحصال کی تحقیقات کے بعد ثابت ہوا ۔ویسٹ یارکشائر پولیس نے کہا کہ الزامات کا تعلق ایک متاثرہ خاتون سے ہے جس کی عمر اس وقت 12 سے 15سال کے درمیان تھی۔ ہیلی فیکس کے 42 سالہ محمد عدنان پر ایک ریپ اور جنسی زیادتی کے دو الزامات ہیں۔ ہیلی فیکس کے 41سالہ شیبان محمد احمد پر عصمت دری کے دو الزامات ہیں۔ہڈرز فیلڈ کے 52سالہ امر علی پر ایک بچے کے ساتھ جنسی عمل کے دو الزامات ہیں۔ ہیلی فیکس سے تعلق رکھنے والے 48سالہ نوید انجم پر ایک بچے کے ساتھ جنسی عمل کاایک الزام ہے۔ ہیلی فیکس کے 48 سالہ عمران حسین پر زیادتی کی کوشش کا الزام ہے۔ لیڈز کے 33سالہ خالد کامران پر ایک ریپ کا الزام ہے۔ہیلی فیکس کے 39سالہ محمد فہیم محمود پر ایک ریپ کا الزام ہے ہیلی فیکس کے 46سالہ عادل مناف پر عصمت دری کا ایک الزام ہے۔ان افراد کو آج عدالت میں پیش کرنے کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان کو سزائیں سنائی جائیں گی ۔