اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر JUI کی ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں

August 02, 2024

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر جمیعت علماء اسلام کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں اور مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

جے یو آئی کے زیرِ اہتمام اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر مری کے جی پی او چوک میں مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ مکمل اظہاریکجہتی کرتے ہیں۔

جی پی او چوک پر مظاہرے میں سیاسی، کاروباری، سماجی اور صحافتی تنظیموں سمیت سیاح بھی شریک ہوئے۔

دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے بھی ملتان میں اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف ریلی نکالی گئی۔

ریلی کے شرکاء نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

اسی طرحژوب میں بھی جے یو آئی کی زیرِ قیادت حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف ریلی نکالی گئی، جے یو آئی کے ضلعی امیر کا اس دوران کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل ایک بڑا سانحہ ہے۔

سندھ کے شہر حیدرآباد، سکھر،ٹھٹہ، لاڑکانہ، سجاول اور جیکب آباد میں بھی سربراہ حماس اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف جے یو آئی ف کی جانب سے ریلی کا اہتمام کیا گیا۔

جے یو آئی ف کے ریلی کے شرکاء کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔

لاڑکانہ میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف احتجاج کیا۔

صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ اور ضلع ڈیرہ بگٹی میں اسماعیل ہنیہ کے قتل اور فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے یوم احتجاجِ منایا گیا۔

ترجمان جے یو آئی نظریاتی کے مطابق اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے خلاف نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قرار دادیں بھی منظور کی گئیں۔

’پوری امت مسلمہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر غم زدہ ہے‘

یاد رہے کہ اس سے قبل جمیعت علماء اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفورحیدری نے حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر وزیرِ اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم کو چاہیے کہ کردار ادا کریں اور او آئی سی کا اجلاس بلائیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمان فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں، جے یو آئی آج جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکلے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج پوری امت مسلمہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر غم زدہ ہے، بہت ساری سیکیورٹی کے باوجود اسماعیل ہنیہ کو ایران میں شہید کیا گیا،ان کے خون سے جو انقلاب آئے گا اس سے اسرائیل نیست و نابود ہوگا۔

مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ امریکا اوراسرائیل مسلم دنیا کی چیدہ شخصیات کو شہید کرنے کے درپے ہیں۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ عالمی قوتوں نے فلسطین میں یہودیوں کو آباد کرنے کی سازش کی، اسماعیل ہنیہ نے جان دیدی مگر امریکا اور اسرائیل کے سامنے نہیں جھکا، اس وقت فلسطینی محاصرے میں ہیں، بھوک اور پیاس سے نڈھال ہوچکے ہیں، فلسطینی کبھی اسرائیل کے سامنے جھکے نہیں۔

مولانا عبدالغفور حیدری کا مزید کہنا تھا کہ ہم فلسطینیوں کو اس عذاب سے کیسے بچا سکتے ہیں، کاش امت مسلمہ آج پوری یکسوئی کے ساتھ فلسطین کے ساتھ کھڑی ہوتی۔