سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ نے رانا مشہود کو یوتھ چیمپئن کا ٹائٹل دے دیا

August 02, 2024

تصویر سوشل میڈیا۔

سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ نے رانا مشہود کو یوتھ چیمپئن کا ٹائٹل دے دیا۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد کو یوتھ چیمپئن کا ٹائٹل وزیراعظم آفس میں منعقدہ تقریب میں دیا گیا۔

سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ نے کہا کہ رانا مشہود احمد خان کی یوتھ ڈیولپمنٹ کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں۔ پاکستان گلوبل یوتھ ڈیولپمنٹ انڈیکس ایمپلائمنٹ میں تیسرے نمبر پر ہے۔

سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر لانے میں رانا مشہود کا اہم کردار ہے۔ امید کرتی ہوں پاکستان جلد اس انڈیکس میں نمبر ایک پر ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ کامن ویلتھ یوتھ ٹیم اور پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام ٹیم ایک ہیں۔

اس موقع پر رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ کامن ویلتھ کی جانب سے یوتھ چیمپئن بنائے جانے پر شکر گزار ہوں۔ پاکستان کی ترقی نوجوانوں کی ترقی سے منسلک ہے۔

رانا مشہود نے کہا ماضی میں بھی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے کوشش کی۔ موجودہ دور حکومت میں بھی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی انتھک کوشش جاری ہے۔