بلوچستان کو کمزور کرنے کی سوچ رکھنے والوں کو آزاد نہیں چھوڑ سکتے: سرفراز بگٹی

August 04, 2024

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی ــــ فائل فوٹو

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کو کمزور کرنے کی سوچ رکھنے والوں کو آزاد نہیں چھوڑ سکتے۔

سرفراز بگٹی نے سینٹرل پولیس آفس میں یوم شہدائے پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے لیے حکومت ہر اقدام کرے گی، اس ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ صوبے کو جب بھی حقوق ملے وہ پارلیمینٹ سے ملے ہیں، ہمارے ملک میں بہت سی سازشیں کی گئیں، بلوچستان میں ماضی میں دہشت گردی کا بازار گرم کیا گیا، ہم نے اپنے شہداء کے خون کا بدلہ لیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پُرامن احتجاج کے نام پر عام شہریوں کو اغواء کیا گیا، خواتین کو ڈھال بنا کر بلوچستان کی روایات کو پامال کیا گیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت مذاکرات سے انکاری نہیں ہے لیکن کسی کو بھی ملک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ہے، تشدد برپا کرنے والے ہرگز پُرامن شہری نہیں ہیں۔